وزیراعلیٰ سندھ نے جیکب آباد میں ایک شہری کی جانب سے گدھے پر مبینہ طور پر کلہاڑیوں سے حملہ کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
برطانوی نمائندہ خصوصی کے ریمارکس مسترد، پاکستان کا دہشت گردی اور سرحدی دراندازی پر دوٹوک مؤقف
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ بے زبان جانوروں پر وحشیانہ تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسا سفاکانہ عمل معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کا تقاضا ہے کہ جانوروں کے ساتھ نرمی اور رحم کا برتاؤ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے زخمی جانور کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور بہتر علاج معالجے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
واقعہ جیکب آباد کے گاؤں شکر بروہی میں پیش آیا جہاں ایک دیہاتی نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں داخل ہونے پر گدھے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق ملزم نے کلہاڑی کے وار کر کے جانور کو شدید زخمی کر دیا۔
گدھے کے مالک نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا جانور غلطی سے ملزم مولا بخش کے گھر داخل ہوگیا تھا جس پر اسے بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ شخص نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واقعے کی اطلاعات سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد عوامی حلقوں اور جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے
