کراچی میں انویسٹیگیشن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے کپڑے کی چوری میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس پی انویسٹیگیشن ساوتھ توحید رحمان کے مطابق گرفتار ملزم اعجاز نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بیوپاری کے کپڑے کے 104 بنڈل چوری کیے تھے۔ یہ واردات شہر کے کاروباری حلقوں میں بڑی مالی نقصان کا باعث بنی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ 21 اپریل کو تھانہ آرام باغ میں درج کیا گیا تھا جس کے بعد جدید تفتیش اور ٹیکنیکل شواہد کی بنیاد پر ملزم تک رسائی حاصل کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس کیس کو مکمل طور پر حل کرنے اور چوری شدہ مال کی برآمدگی کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
