شکارپور: خانپور پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے انعام یافتہ ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
مسرور احمد جتوئی کی زیر صدارت انویسٹی گیشن اسٹاف کے ساتھ اجلاس، میرٹ پر تفتیش کی ہدایت
پولیس کے مطابق چوئی شاخ کے مقام پر دورانِ چیکنگ مشکوک شخص کو روکا گیا، جس کی شناخت نصراللہ شر کے نام سے ہوئی۔ اہلکاروں نے تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور راؤنڈز برآمد کیے۔
رانا نصراللہ نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف 25 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مختلف سنگین نوعیت کے کیسز میں مطلوب تھا۔ ان کے مطابق ملزم کا تعلق ضلع لاڑکانہ سے ہے، جہاں مختلف تھانوں میں اس کے خلاف مقدمات درج ہیں۔
ڈی ایس پی کے مطابق سندھ حکومت نے مذکورہ ملزم کی زندہ یا مردہ حالت میں گرفتاری پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
حکام نے اس کارروائی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
