کراچی: مسرور احمد جتوئی نے انویسٹی گیشن اسٹاف کے ساتھ مرحلہ وار اجلاس منعقد کیا جس میں بلدیہ ڈویژن کے مختلف تھانوں کے تفتیشی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پاک چین بحری مشق سی گارڈین-4، چینی جہاز داچنگ کراچی پہنچ گیا
ترجمان کے مطابق اجلاس کے پہلے مرحلے میں تھانہ سعیدآباد، اتحاد ٹاؤن، مدینہ کالونی اور بلدیہ ٹاؤن کے انویسٹی گیشن اسٹاف کے ساتھ الگ الگ میٹنگز کی گئیں، جن میں متعلقہ تھانوں کے کرائم اور تفتیشی امور پر بریفنگ لی گئی۔
اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے تفتیشی عمل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی پر سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام کیسز کی تفتیش میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق کی جائے۔ انہوں نے عدالتی احکامات کی بروقت پیروی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی حراست اور دورانِ حراست تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور اس ضمن میں سختی سے قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اسٹاف کو درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا اور ایس ایس پی نے یقین دہانی کرائی کہ تفتیشی عمل کو بہتر بنانے کے لیے دستیاب وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق ایسے اجلاسوں کا مقصد تفتیشی نظام کو بہتر بنانا، شفافیت کو فروغ دینا اور عوامی اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔
