کراچی: اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) سی آئی اے کراچی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے عزیز آباد کے علاقے میں پولیس مقابلے کے بعد کار لفٹنگ گینگ کے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں 12ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ، 401 افسران فارغ التحصیل
ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق ایس ایس پی خالد مصطفیٰ کورائ کی ہدایت پر پانچ ڈویژنز پر مشتمل ٹیم نے گلبرگ، جوہر، کلفٹن، نارتھ ناظم آباد اور گلشن ٹو سے ملنے والی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تھانہ عزیز آباد پولیس کے ہمراہ کارروائی کی۔ پولیس ٹیم کراچی اکیڈمی کے قریب پہنچی جہاں دو مشکوک ٹویوٹا کرولا گاڑیوں میں موجود ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم گلریز ولد اولزیب خان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی سفید ٹویوٹا کرولا میں فرار ہوگئے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت عمران سرائیکی ولد امیر بخش، صدام پٹھان ولد نامعلوم اور سلطان ولد نامعلوم کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا۔ دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر کار لفٹنگ اور اسنیچنگ میں ملوث پانچ گاڑیاں برآمد کر لی گئیں جن میں مختلف تھانوں میں درج مقدمات کے تحت چھینی اور چوری شدہ گاڑیاں شامل ہیں۔
برآمد ہونے والی گاڑیوں میں BST-737 ٹویوٹا کرولا (تھانہ عزیز آباد، مقدمہ نمبر 134/2026 اسنیچنگ)، AWX-037 ٹویوٹا کرولا (تھانہ شاہراہ فیصل، مقدمہ نمبر 116/2026 چوری)، BKH-353 ٹویوٹا کرولا (تھانہ درخشاں، مقدمہ نمبر 64/2026 چوری)، BDM-899 ٹویوٹا کرولا (تھانہ تیموریہ، مقدمہ نمبر 175/2025 اسنیچنگ) اور BFQ-626 ٹویوٹا کرولا (تھانہ پی آئی بی کالونی، مقدمہ نمبر 02/2026 چوری) شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گینگ کے دیگر ارکان اور جرائم کی مزید تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔
