کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران جرائم کے سدباب، اسٹریٹ کرائم اور منظم جرائم کے خلاف مؤثر حکمت عملیوں کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستان کی انڈر 15 اسکواش میں شاندار فتح، محمد سہیل عدنان نے عالمی ٹائٹل جیت لیا
وزیر داخلہ سندھ نے کچہ ایریاز میں امن کے قیام، ڈاکوؤں کے خاتمے اور ریاستی رٹ مضبوط بنانے کے لیے سندھ حکومت کی جامع پالیسی پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت سراٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل اختیارات کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
ضیاء الحسن لنجار نے واضح کیا کہ زیرو ٹالیرنس پالیسی جرائم کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہو رہی ہے جو ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے خوف کی علامت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ، جان و مال کا تحفظ اور امن کا قیام حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ صوبے بھر میں بلا تفریق قانون کی عملداری یقینی بنانے اور جرائم کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس حکومتی پالیسی کے مطابق اقدامات جاری رکھے گی اور وزیر داخلہ کے وژن کے تحت کراچی سمیت پورے صوبے سے جرائم کے خاتمے کو اولین ترجیح بنایا جائے گا۔
