اے این ایف کا ملک بھر میں کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 14 ملزمان گرفتار

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔ 10 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں مجموعی طور پر 158 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 2 کروڑ 82 لاکھ روپے ہے۔

کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد میں کارروائیاں

ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے قریب کچلاک بائی پاس پر گاڑی سے 60 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

پشاور کی یونیورسٹی روڈ پر گاڑی سے 22.8 کلوگرام افیون پکڑی گئی۔

اسلام آباد کے موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ٹرک سے چھپائی گئی 13.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی مقام پر ایک دوسری گاڑی کے ٹائر میں چھپائی گئی 12 کلوگرام چرس بھی پکڑی گئی۔

مانسہرہ میں کوٹکے پل، بالاکوٹ روڈ پر گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

لاہور، کراچی اور دیگر شہروں میں منشیات برآمد

اے این ایف کے مطابق گوجرہ میں موچی والا روڈ پر ٹرک سے 7 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے پارسل سے آئس سے تیار کردہ 7.6 کلوگرام لیمپ پکڑے گئے۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملائیشیا جانے والے مسافر کے بیگ سے 2.220 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

پشاور میں موٹروے چوک، رنگ روڈ پر ٹرک سے 10.8 کلوگرام چرس پکڑی گئی۔

کراچی کے سائٹ ایریا میں سیمنز کے قریب ایک گاڑی سے 10.4 کلوگرام ویڈ بھی برآمد ہوئی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!