میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں دوبارہ 12 مئی جیسے واقعات نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کا نام لیے بغیر کہا کہ جلسہ کرنا ہے تو مزار قائد کے برابر موجود گراؤنڈ میں کیا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے شاہراہ فیصل پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کے لیے مزار قائد کے قریب گراؤنڈ موجود ہے۔
میئر کراچی نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ضلع شرقی کے چنیسر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا۔ منصوبے کے تحت محمودآباد پولیس اسٹیشن سے چاندنی چوک تک 100 فٹ چوڑی سڑک کی بہتری اور بحالی کا کام ہوگا۔
چنیسر ٹاؤن میں 30 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی کے مختلف ٹاؤنز میں سڑکوں، نکاسی آب اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے کام جاری ہے۔
چنیسر ٹاؤن میں 301.433 ملین روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات ملیں گی اور نکاسی آب کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ کچھ عناصر شہر کی ترقی سے خوش نہیں ہیں۔ ان کے مطابق آج کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ جہاں عوام نے پارٹی امیدواروں کو منتخب کیا، وہاں نمائندوں نے عملی طور پر کام کیا۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق کونسلر سے وزیر تک پیپلز پارٹی کے تمام نمائندے کراچی کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
لیاری، مچھر کالونی اور چکور نالہ کے منصوبے
میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں بلدیاتی نظام اور اختیارات وہی ہیں، تاہم فرق صرف چہروں کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بلاول بھٹو زرداری کے کارکن عوامی خدمت کے جذبے سے کام کر رہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز اور ان کی تکمیل ہی کارکردگی کا اصل ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لیاری میں پانی کی فراہمی کے لیے لائن پر کام کیا جائے گا۔ مچھر کالونی میں آر او پلانٹ کے قیام کے وعدے پر عمل درآمد کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہونے والا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ چکور نالہ ایکسپریس وے بھی چند ہفتوں میں مکمل کردیا جائے گا۔