ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی طریقوں کی مدد سے اندھے کیس میں نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے ٹرین میں موبائل فون چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے مسروقہ موبائل فون برآمد کر لیا۔
نئی ڈیپ سی بندرگاہوں کی تعمیر میں ماحولیاتی تحفظ اور معاشی توازن کو ترجیح دی جائے گی وزیر بحری امور
تفصیلات کے مطابق 21 نومبر 2025 کو سکھر ایکسپریس کے اے سی کمپارٹمنٹ میں سفر کے دوران ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن پر مسافر زوہیب اقبال کا موبائل فون چوری ہو گیا تھا۔ واقعے کے بعد تھانہ ریلوے پولیس کراچی کینٹ میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 132/2025 بجرم 379 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا۔
مقدمے کی تفتیش اے ایس آئی فرمان اللہ نے سنبھالی، جنہوں نے میرٹ اور جدید تفتیشی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے اصل ملزم وسیم راجہ ولد احمد بخش کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے مسروقہ موبائل فون 25 نومبر 2025 کو صدر موبائل مارکیٹ کراچی میں فروخت کر دیا تھا۔
ملزم کی نشاندہی پر ریلوے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صدر موبائل مارکیٹ سے چوری شدہ موبائل فون برآمد کر لیا۔ ریلوے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو شہری حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

