شہید کانسٹیبل اویس تنولی کی نمازِ جنازہ ادا، آئی جی سندھ کی خراجِ عقیدت

کراچی، 7 ستمبر 2026ء: شہید کانسٹیبل اویس تنولی کی نمازِ جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن کراچی میں ادا کر دی گئی۔ وہ ضلع کورنگی میں جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مقابلے کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

نمازِ جنازہ میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کراچی، رکن سندھ اسمبلی فاروق اعوان، ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی ایسٹ، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اور ایس ایس پیز ایسٹ، کورنگی اور سٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

شہید کانسٹیبل کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب بھی نمازِ جنازہ میں شریک ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق اویس تنولی نے ہفتے کے روز جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران بہادری سے فرائض انجام دیے، تاہم مقابلے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس نے انہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شہید کانسٹیبل کی بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ اویس تنولی نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے سندھ پولیس کی عظیم روایت کو زندہ رکھا۔ ان کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں سندھ پولیس کے جوان پوری بہادری اور عزم کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی اور شہداء کے اہلِ خانہ سندھ پولیس فیملی کا حصہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!