کراچی — آتشزدگی کے باعث لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع پرانے کپڑے کی فیکٹری میں دو مرد اور ایک خاتون دھوئیں سے متاثر ہوئے، جبکہ فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔ اس وقت کے ایم سی کے 11 فائر ٹینڈرز، دو باوزر اور ایک اسنارکل کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق آگ ابتدا میں فیکٹری کے گراؤنڈ فلور پر لگی اور بعد میں بالائی دو منزلوں تک پھیل گئی۔ فیکٹری سے نکلنے والا دھواں انتہائی شدید ہے، جس کے باعث فائر فائٹرز عمارت کے اندر جانے کے بجائے باہر سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ریسکیو حکام نے متاثرہ فیکٹری کی عمارت کو مخدوش قرار دیا ہے۔ سیکیورٹی گارڈ کے مطابق دھواں پھیلتے ہی فیکٹری میں موجود ملازمین فوری طور پر باہر نکل آئے تھے۔
چھیپا ذرائع کے مطابق دھوئیں سے متاثر ہونے والی خاتون کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ای پی زون سیکیورٹی نے احتیاطی اقدام کے طور پر دیگر کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کو علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ان کے مطابق فیکٹری میں موجود تمام ورکرز کو آگ پھیلنے سے پہلے بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائر فائٹنگ کے علاوہ امدادی کارروائی میں کوئی دوسرا بڑا چیلنج درپیش نہیں۔ متاثرہ فیکٹری میں پرانے کپڑوں کا بڑا ذخیرہ موجود تھا، جس کے باعث آگ کی شدت زیادہ رہی۔
سندھ رینجرز بھی امدادی کارروائی میں شامل
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں۔ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے رینجرز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
رینجرز اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ متاثرہ عمارت کے اطراف کارڈن کرکے شہریوں کو محفوظ رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق امدادی کارروائی میں اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لانڈھی میں کپڑے کی فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فیکٹری میں موجود افراد کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر کراچی اور متعلقہ انتظامیہ سے واقعے کی صورتحال پر رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔