شہرِ قائد کے علاقے شاہ لطیف میں پولٹری فارم کے تاجر کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے والے ڈکیت گروہ کو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ملزمان دو روز قبل ہونے والی ایک بڑی ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھے جس میں ایک کروڑ روپے سے زائد نقد رقم لوٹی گئی تھی۔
سندھ حکومت کا صوبے بھر میں تاریخی و ورثہ عمارتوں کے نئے سروے کا فیصلہ
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے اسلحہ کے زور پر پولٹری فارم اور مرغیوں کی دکان کے مالک کو نشانہ بنایا اور موقع سے نقد رقم لے کر فرار ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد شاہ لطیف پولیس نے جدید ٹیکنیکل بنیادوں پر تحقیقات کا آغاز کیا اور کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد پستول بمعہ راؤنڈز، سات موبائل فونز اور واردات کے دوران چھینی گئی 54 لاکھ 64 ہزار روپے سے زائد نقد رقم برآمد کر لی ہے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک شخص تاجر کی دکان پر بطور مینیجر اور کیشیئر کام کرتا تھا، جس نے اندرونی معلومات فراہم کر کے ڈکیتی میں سہولت کاری کی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالطیف، ساجد، حسن آیاز اور عبدالمنان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ ان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کی جا رہی ہے۔
