ایلون مسک کا ہر امریکی بچے کو اسپیس ایکس کے 2 شیئرز دینے کا اعلان

دنیا کے امیر ترین شخص اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ہر امریکی بچے کو اپنی کمپنی کے دو شیئرز تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان حصص کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔

مسک نے یہ اعلان اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس تعینات کرنے کی امریکی منظوری ملنے کے چند گھنٹے بعد کیا۔

شیئرز کب منتقل ہوں گے؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ ہر بچے کو ایک شیئر اسپیس ایکس اور دوسرا وہ ذاتی طور پر دیں گے۔

ان کے مطابق کمپنی کے حصص اگلے ماہ منتقل کردیے جائیں گے۔ جبکہ ان کی جانب سے ذاتی طور پر دیے جانے والے شیئرز اگلے سال جون میں منتقل ہوں گے۔

مسک کے ذاتی حصص کی منتقلی ان پر عائد فروخت کی پابندی ختم ہونے کے بعد ہوگی۔

ٹرمپ اکاؤنٹ پروگرام کیا ہے؟

اس سے قبل اسپیس ایکس نے اعلان کیا تھا کہ ہر فعال ’ٹرمپ اکاؤنٹ‘ میں کمپنی کے کلاس اے کامن اسٹاک کا ایک شیئر شامل کیا جائے گا۔ ایلون مسک بھی اتنے ہی شیئرز ذاتی طور پر عطیہ کریں گے۔

’ٹرمپ اکاؤنٹ‘ امریکی حکومت کا ایک پروگرام ہے۔ اس کا مقصد 18 سال سے کم عمر بچوں کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور شراکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق اکتوبر تک اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 کروڑ اکاؤنٹس کھولے جاچکے تھے۔

حصص کی مجموعی مالیت 18 ارب ڈالر

بدھ کے روز اسپیس ایکس کے ایک شیئر کی قیمت 127.44 ڈالر پر بند ہوئی تھی۔ اس حساب سے دو شیئرز کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔

ایلون مسک اسپیس ایکس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی اپنا کردار بڑھانا چاہتے ہیں۔ تاہم خلا میں ڈیٹا سینٹرز اور کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کی توسیع کے ماحولیاتی اثرات پر خدشات سامنے آ رہے ہیں۔

بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے معاشی اور سیاسی اثر و رسوخ پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!