کراچی میں 5 برس کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات، 87 افراد جاں بحق

شہر میں گزشتہ پانچ برس کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات میں مجموعی طور پر 87 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مختلف اضلاع میں ہلاکتیں

دستیاب تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی میں عمارتیں گرنے کے تین واقعات پیش آئے۔ ان میں 31 افراد جاں بحق ہوئے۔

ضلع کیماڑی میں بھی تین واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 23 افراد جان سے گئے۔ ضلع شرقی میں تین واقعات کے دوران 20 افراد جاں بحق ہوئے۔

ضلع کورنگی میں دو واقعات میں چھ افراد جان سے گئے۔ ضلع وسطی میں دو واقعات کے دوران پانچ افراد جاں بحق ہوئے۔

ضلع ملیر اور ضلع غربی میں عمارت گرنے کا ایک، ایک واقعہ رپورٹ ہوا۔ دونوں اضلاع میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔

لیاری اور شیر شاہ میں بڑے سانحات

لیاری کے علاقے بغدادی میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے۔ شیر شاہ میں گیس دھماکے کے بعد عمارت گرنے سے 17 افراد جان سے گئے۔

سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں عمارت گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

دیگر علاقوں میں بھی اموات

شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے پانچ مزدور جاں بحق ہوئے۔ نیو کراچی میں فیکٹری کا ڈھانچہ گرنے سے چار فائر فائٹرز جان سے گئے۔

مچھر کالونی میں دو مختلف واقعات کے دوران عمارت اور چھت گرنے سے چھ افراد جاں بحق ہوئے۔

پی آئی بی کالونی اور اولڈ لیاری میں عمارتیں گرنے سے دو، دو افراد جاں بحق ہوئے۔ کھڈا مارکیٹ لیاری میں غنی مینشن کا حصہ گرنے سے بھی دو افراد جان سے گئے۔

اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد، اللہ والا ٹاؤن، بھینس کالونی اور منگھوپیر روڈ پر بھی عمارتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!