گوادر (8 دسمبر 2025): 67واں گوادر ڈے قومی جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا گیا۔ یہ دن 8 دسمبر 1958 کو سلطنتِ عمان کے 174 سالہ دور کے بعد گوادر کے پاکستان سے تاریخی الحاق کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی تاریخی فتح، چیف آف دی نیول اسٹاف کا پیغام
تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل حبیب نواز، جی او سی 44 ڈویژن تھے۔ پروگرام کا آغاز پی این ایس اکرم میں پروقار پرچم کشائی سے ہوا، جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی اور مہمانانِ گرامی نے کھڑے ہو کر قومی پرچم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس کے بعد مقامی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور گورنمنٹ اسکول شمبا اسماعیل و بحریہ ماڈل اسکول کی خواتین مقررین نے خطاب کیا۔
گوادر کا پاکستان سے الحاق پاک بحریہ کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ لیفٹیننٹ افتخار احمد سروہی کی قیادت میں پاک بحریہ کے دستوں نے پہلی بار شہر میں قومی پرچم لہرایا تھا۔
تقریب میں بڑی تعداد میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، سول شخصیات اور معززین نے شرکت کی، جن میں اسٹیشن کمانڈر پاکستان آرمی، کمانڈر 440 بریگیڈ، ڈپٹی کمشنر گوادر اور مقامی اسکولوں کے اساتذہ شامل تھے۔

