ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت کراچی پولیس آفس میں کرائم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی ایڈمن، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن افغان نیشنل اور خاتون سمیت 9 گرفتار 200 کلوگرام منشیات برآمد
اجلاس میں ڈی آئی جی سی آئی اے اور تینوں زونز کے ڈی آئی جیز نے اپنے اپنے زون کی مجموعی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ رپورٹس میں جرائم کی شرح، پولیس اقدامات، مقدمات کی پیش رفت، ہائی پروفائل کیسز اور اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مختلف اضلاع میں جرائم کی صورتحال اور تفتیشی افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مقدمات کی مؤثر پیروی اور عدالتوں میں پیش رفت کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے جلد از جلد پورے ہوں۔
اجلاس میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات کے خلاف مزید سخت اور مؤثر کارروائیوں کی ہدایت جاری کی۔
کراچی پولیس چیف نے افسران کو ہدایت کی کہ کومبنگ، اسنیپ چیکنگ اور سرچ آپریشنز کو مزید فعال بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔

