اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے افغان نیشنل اور خاتون سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 10 کامیاب کارروائیوں میں 12 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 200 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
کراچی سیف سٹی منصوبے پر وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس فیز ٹو کی منظوری
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں:
چناب ٹول پلازہ گجرات کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 4.320 کلوگرام ہیروئن اور 400 گرام آئس برآمد کی گئی۔ فاروق اعظم کالونی اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 600 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیاں:
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ریاض جانے والے مسافر کے سامان میں موجود مٹھائی کے ڈبوں سے 1.990 کلوگرام وزنی 13 ہزار زینیکس گولیاں برآمد کی گئیں۔
طارق روڈ کراچی کے ایک کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں 1.620 کلوگرام ہیروئن ملی، جب کہ لاہور کے عامر ٹاؤن کینال روڈ پر کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل میں 990 گرام آئس برآمد ہوئی۔ منشیات کو کپڑوں کے ٹکڑوں میں بھگو کر جوتوں کے اگلے حصے میں سی کر چھپایا گیا تھا۔
چکلالہ گیریژن راولپنڈی کے کوریئر آفس میں امریکہ سے آنیوالے پارسل میں موجود کھلونوں سے 14 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔
کامرہ روڈ اٹک کے قریب گاڑی سے 2.59 کلوگرام ہیروئن اور 2.1 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، افغان باشندے سمیت دو ملزمان گرفتار ہوئے۔
ہزارہ ایکسپریس وے تھاکوٹ کے قریب گاڑی سے 14.400 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، دو ملزمان گرفتار کیے گئے۔
اسی طرح لک پاس ٹول پلازہ کوئٹہ کے قریب گاڑی سے 5 کلوگرام آئس اور ویسٹرن بائی پاس ہزارگنجی کوئٹہ کے قریب 86 کلوگرام ہیروئن اور 80 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے تحت انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

