لاہور (بیورو رپورٹ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مرکز تبلیغی جماعت کے شوریٰ ارکان نے ملاقات کی، جس میں رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے انتظامات اور سہولیات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیرپور پولیس کا ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن، تین ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
وفد میں ڈاکٹر ندیم اشرف، مولانا امجد فاروق، مولانا محمد امیر، امتیاز احمد غنی اور ارشد شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے رائیونڈ اجتماع کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے اور بہترین انتظامات کی ہدایت جاری کی۔
مریم نواز شریف نے ڈی سی، سی سی پی او، ڈی آئی جی اور سی ٹی او کو خود رائیونڈ جا کر انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ریلوے اسٹیشن اور ائیرپورٹ سے رائیونڈ تک الیکٹرو بس سروس شروع کی جائے گی، جو اجتماع کے دنوں میں تین روز تک خصوصی طور پر چلائی جائے گی۔
انہوں نے رائیونڈ جانے والے راستوں پر فوری پیچ ورک، تین سڑکوں کی مرمت و تعمیر اور خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ اور شہر میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے احکامات بھی دیے۔
تبلیغی جماعت کے اکابرین نے وزیراعلیٰ کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں صفائی، ٹرانسپورٹ اور عوامی سہولتوں کے منصوبے قابلِ تعریف ہیں۔
اکابرین نے کہا کہ "الیکٹرو بس پراجیکٹ کا اجرا اور چند ماہ میں 90 ہزار گھر بنانے کا عزم قابلِ ستائش ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ "چھوٹے شہروں میں گرین بس جیسی سروس لانا ایک انقلابی قدم ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "پہلے جب بیرونِ ملک جاتے تھے تو کوئی بات نہیں سنتا تھا، اب پاکستانیوں کو عزت و احترام سے سنا جاتا ہے، یہ عوامی تاثر کی مثبت تبدیلی ہے۔”
مریم نواز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "میں مخلوقِ خدا کی خدمت کو خالقِ کائنات کی عبادت سمجھتی ہوں، دعا ہے اللہ تعالیٰ عوام کی خدمت کی مزید توفیق دے۔”
انہوں نے کہا کہ "صدقِ دل سے عوام کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہوں، مخالفین کی باتوں پر صبر کرتی ہوں لیکن بعض اوقات عوام کو حقیقت بتانا ضروری ہوتا ہے۔”
وزیراعلیٰ نے کہا کہ "خدمت کا جذبہ سچا ہے، اللہ تعالیٰ غیب سے وسائل مہیا کرے گا۔”
آخر میں مریم نواز شریف نے مرکز رائیونڈ کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے ملک و قوم کی سلامتی، امن و امان اور سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعا کی درخواست کی۔
