کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی پر سندھ حکومت اور ریلوے میں تعاون پر اتفاق

کراچی: سندھ حکومت اور پاکستان ریلوے نے طویل عرصے سے تعطل کا شکار کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) منصوبے کی بحالی کے لیے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے پر تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

تابش ہاشمی کا انکشاف: معروف کرکٹر کی تاخیر پر پروگرام چھوڑ کر گھر چلا گیا

جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے درمیان اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ اور ریلوے کے ٹیکنیکل ماہرین مشترکہ طور پر منصوبے کا طریقہ کار تیار کریں گے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مراد علی شاہ نے کے سی آر کی فوری بحالی پر زور دیا اور مسلسل تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ روزانہ تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا اور کراچی میں مشرق تا مغرب اور شمال تا جنوب اہم ربط قائم کرے گا۔

چونکہ منصوبہ سی پیک کے تحت مکمل ہونا ہے، اس لیے تازہ فیزیبلٹی رپورٹ اب بھی چینی حکام کی منظوری کی منتظر ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ سندھ حکومت اور ریلوے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائیں اور اس میں ڈونر ایجنسیوں اور نجی شعبے کو بھی شامل کیا جائے۔

منصوبے کے منظور شدہ پلان کے مطابق کے سی آر کا روٹ 43.2 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں 25.51 کلومیٹر حصہ اونچائی پر اور 17.7 کلومیٹر حصہ سطح زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے میں کل 24 اسٹیشن شامل ہوں گے جن میں سے 13 اونچائی پر اور 11 زمین کی سطح پر بنائے جائیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد تجاوزات مہم کے دوران ڈرگ روڈ، کراچی یونیورسٹی، اردو کالج اور گیلانی اسٹیشن کے قریب 11 ایکڑ سے زائد ریلوے کی زمین خالی کرالی گئی ہے، تاہم لیاقت آباد اور اردو کالج کے نزدیک اب بھی تجاوزات موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر ریلوے کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت کے سی آر روٹ پر انسداد تجاوزات آپریشن اور شہری بحالی کے اقدامات میں مکمل معاونت کرے گی۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ دونوں اداروں کے ماہرین مل کر کے سی آر منصوبے کے حتمی طریقہ کار، اسٹیشنوں کی آؤٹ سورسنگ اور نئی ٹرین سروسز پر کام کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعلیٰ سندھ کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

One thought on “کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی پر سندھ حکومت اور ریلوے میں تعاون پر اتفاق

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!