قومی شاہراہ پر رسول آباد کے قریب ایک آئل ٹینکر الٹ جانے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، جبکہ امدادی اور ریکوری کارروائیاں جاری ہیں۔
رینجرز اور پولیس آپریشن، مطلوب ملزم ہلاک گرفتاریاں
موٹروے پولیس کے مطابق آئل ٹینکر کراچی سے شکارپور جا رہا تھا اور اس میں 48 ہزار لیٹر پیٹرول لوڈ تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹینکر اچانک بریک لگنے کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، مقامی پولیس اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پیٹرول کے اخراج کو بروقت روک لیا گیا ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ حادثے کے مقام کو کونز اور وارننگ سائن بورڈز کے ذریعے محفوظ بنا دیا گیا ہے تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
عوام کی حفاظت کے پیش نظر سکھر جانے والی ٹریک پر ٹریفک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق فائر بریگیڈ، اے ٹی ایس، ریکوری سروسز اور ضلعی انتظامیہ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے اور متاثرہ آئل ٹینکر کو ہٹانے کے لیے ریکوری آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
پولیس کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔