رینجرز اور پولیس آپریشن، مطلوب ملزم ہلاک گرفتاریاں

کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ناظم آباد اور گلبہار کے علاقوں میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مبینہ بھتہ خوری میں ملوث "جمیل چھانگا گروہ” کے کارندوں کے خلاف کارروائی کی۔
Thursday, 4th June 2026

ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب ملزم سکندر عرف بابر کالیا ہلاک ہوگیا، جبکہ ملزم اسد عرف للو زخمی حالت میں گرفتار اور ملزم زوہیب عرف شاہ صاحب کو بلا مزاحمت گرفتار کر لیا گیا۔

کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔

رینجرز کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم سکندر عرف بابر کالیا ماضی میں بھی مختلف جرائم میں ملوث رہا تھا اور قبل ازیں انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) کے ساتھ مقابلے کے بعد گرفتار ہو کر جیل جا چکا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پر اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری، کاروباری افراد اور بلڈرز کو دھمکانے، فائرنگ اور اغوا کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔ حالیہ دنوں میں ناظم آباد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں بھی اس کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم اسد عرف للو کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ 2017 سے مبینہ طور پر مذکورہ گروہ سے وابستہ تھا اور اس سے قبل بھی گرفتار ہو چکا ہے۔ اسی طرح گرفتار ملزم زوہیب عرف شاہ صاحب پر منشیات فروشی اور گروہ کے کارندوں کو پناہ فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق گروہ کے دیگر مبینہ ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔

رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں۔ حکام کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

One thought on “رینجرز اور پولیس آپریشن، مطلوب ملزم ہلاک گرفتاریاں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!