کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے دبئی جانے والے ایک مسافر کو جعلی یو اے ای ورک ویزا پر سفر کی کوشش کے دوران آف لوڈ کر دیا اور مبینہ ویزا فراڈ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔
گلستانِ جوہر میں منشیات فروش گروہ کے خلاف بڑی کارروائی، شیریں عرف شرینہ دو بیٹوں سمیت گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر سید ظل اللہ احسان الزمان کو بورڈنگ کے دوران روکا گیا جب ایئرلائن سسٹم میں اس کی ٹکٹ اور ویزا کی تفصیلات مشکوک پائی گئیں۔ مزید جانچ پڑتال پر پیش کیا گیا یو اے ای ریزیڈنس/ورک ویزا جعلی ثابت ہوا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مسافر نے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کرنے والے ایجنٹ ملک شہباز اعوان سے بیرون ملک ملازمت کے انتظامات کروائے تھے، جو مبینہ طور پر "ملک اوورسیز” کے نام سے جوہرآباد، خوشاب میں کام کر رہا ہے۔
مسافر کے مطابق اس نے ویزا اور سفری دستاویزات کے لیے ایجنٹ کو 3 لاکھ 80 ہزار روپے ادا کیے، جو مختلف بینک اکاؤنٹس اور جاز کیش کے ذریعے منتقل کیے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
