کراچی میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) ساقی شہید سندھ کے زیر اہتمام سالانہ بجٹ 2026-27 کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر مراعات سے متعلق مطالبات کی منظوری دی گئی۔
ڈیفنس ٹریفک حادثہ: دوسرے روز بھی مقدمہ درج نہ ہو سکا، جعلی نمبر پلیٹ کا انکشاف
اجلاس کی صدارت اعجاز بھٹو نے کی، جبکہ سلمان احمد خان، ارشاد علی جمالی، شکیل لقمان، عبدالوہاب لاکھو سمیت دیگر رہنماؤں اور بورڈ ملازمین نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز بھٹو نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے پیش نظر تمام ایڈہاک الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نئے بیسک پے اسکیل متعارف کرائے جائیں تاکہ ملازمین کو مستقل مالی ریلیف مل سکے۔
سلمان احمد خان نے مطالبہ کیا کہ سندھ بھر کے تمام درجہ چہارم ملازمین کو سیکریٹریٹ طرز پر ٹائم اسکیل دیا جائے، جبکہ ارشاد علی جمالی نے کنوینس اور میڈیکل الاؤنس میں فوری اور خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا۔
شکیل لقمان نے سرکاری اداروں کی نجکاری کی حوصلہ شکنی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے، جبکہ عبدالوہاب لاکھو نے مطالبہ کیا کہ سندھ بھر کے سرکاری ملازمین کو سیکریٹریٹ اور ہائی کورٹ کے ملازمین کی طرز پر ہاؤس ہائرنگ الاؤنس یا مساوی ہاؤس رینٹ دیا جائے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ 8 جون 2026 کو سرکاری ملازمین کے مطالبات کے حق میں ہونے والے پرامن دھرنے میں بورڈ ملازمین بھرپور شرکت کریں گے۔
