نارتھ کراچی میں پانی کی مسلسل عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج جاری ہے، جس کے باعث علاقے کی اہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
حب کینال پر دفعہ 144 کے باوجود نہانے کا سلسلہ جاری، انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات
مظاہرین کا کہنا ہے کہ کئی روز سے گھروں میں پانی کی فراہمی معطل ہے، جبکہ پانی، گیس اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ احتجاج کے دوران شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
علاقہ مکینوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک پانی کی فوری فراہمی اور دیگر مسائل حل نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام فوری طور پر نوٹس لیں اور نارتھ کراچی میں پانی کے سنگین بحران کو حل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

