کراچی کے علاقے ڈیفنس میں راحت پارک کے قریب فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کو ٹکر مار کر فرار ہونے والے کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
آئی جی سندھ کی زیر صدارت ادارہ جاتی اصلاحات کا جائزہ، میرٹ، شفافیت اور ڈیجیٹلائزیشن پر زور
پولیس ترجمان کے مطابق South Investigation Police نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم کو حراست میں لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹیگیشن Touheed Rehman کے مطابق حادثے میں نجی فوڈ کمپنی کا ڈیلیوری رائیڈر ذیشان جاں بحق ہوگیا تھا، جبکہ حادثے کے بعد کار ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ 10 مئی کو تھانہ گزری میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزم کی تلاش کے لیے مختلف تکنیکی ذرائع استعمال کیے گئے۔
ایس ایس پی توحید رحمان کا کہنا ہے کہ ملزم کے زیر استعمال کار بھی برآمد کر لی گئی ہے، جسے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ گزری منتقل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت حمزہ شمیم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
