چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں اپنے مقاصد میں ناکام ہوں گی۔
اربن فارسٹ منصوبہ کراچی کی آلودگی کم کرنے کیلئے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، مرتضیٰ وہاب
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا اور ادارے کے اعلیٰ تربیتی معیار، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جدید جنگی تقاضے تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اس لیے افسران کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز اور تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور جوان اپنی مسلسل تربیت کو یقینی بنائیں تاکہ پیشہ ورانہ برتری برقرار رکھی جا سکے۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو سراہا۔ انہوں نے بلوچستان میں امن و استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے میں مسلح افواج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی ترقی اور استحکام کو جھوٹی خبروں، منفی پروپیگنڈے یا بیرونی سرپرستی میں دہشتگردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے بہتر حکمرانی، عوام دوست حکمتِ عملی اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں۔ فیلڈ مارشل نے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری کیلئے کوششوں کو بھی سراہا۔
