تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے7 ارب 49 کروڑ ر وپے سے زائد کا رمضان پیکیج منظورکر لیا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز ذرائع کے مطابق اس سال یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملکی تاریخ کے سب سے بڑے رمضان پیکیج کا فیصلہ ہوا ہے،گزشتہ سال یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 ارب روپے کا رمضان پیکیج منظور کیا گیا تھا تاہم اس سال ای سی سی نے 7 ارب49کروڑ روپے سے زائد کا رمضان پیکیج منظورکیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج 4 مارچ سے شروع کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ ریلیف پیکیج 2024 کا اطلاق چاند رات تک ہو گا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کے مطابق ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے 19 بنیادی اشیاء پر رعایت دی جائے گی، آٹا،چینی،گھی،کوکنگ آئل، چاول اور دالوں پر سبسڈی دی جائےگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھجور، بیسن، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات پر بھی رعایت دی جائے گی، بی آئی ایس پی مستحقین کو بھی رمضان پیکیج کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی ملےگی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رمضان پیکیج میں ٹارگٹڈ سبسڈی کےعلاوہ عام صارفین کیلئے بھی خصوصی رعایتی قیمت مقرر ہو گی۔