کراچی: ملیر کے تھانے بن قاسم کی حدود میں واقع علاقے فلک ناز میں صبح پانچ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے۔ تاہم پولیس تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک خط بھی ملا ہے۔ اس میں گھر کے افراد نے مالی مشکلات اور رشتہ داروں کے ناروا سلوک کا ذکر کیا ہے۔
عبدالخالق پیرزادہ نے بتایا کہ یہ خاندان پہلے ایک بڑے گھر میں رہتا تھا۔ بعد میں چھوٹے گھر اور پھر کرائے کے مکان میں منتقل ہوا۔ ان کے مطابق یہ حالات مالی دباؤ کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق ورثا میں سے شاہ زیب کے چچا سے بھی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے بھی خاندانی ناچاقیوں کا ذکر کیا۔
عبدالخالق پیرزادہ نے کہا کہ پولیس واقعے کے ہر پہلو کی تحقیقات کررہی ہے۔ حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔