سنگاپور کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے سمیت عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

علاقائی امن و استحکام پر گفتگو

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر خیالات کا تبادلہ ہوا۔ دونوں جانب سے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں مسلسل رابطوں اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی روابط اور تعمیری بات چیت کو فروغ دینا علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے اہم ہے۔

سنگاپور کے وزیر خارجہ کا پاکستان کی کوششوں کا اعتراف

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے بھی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!