شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے دونوں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے قریب پیش آیا۔ زخمیوں کی شناخت 35 سالہ غنی بخش اور 50 سالہ زرداری کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد دودھ کے بیوپاری ہیں۔ وہ ملک شاپ سے 21 لاکھ روپے لے کر جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق دو مسلح ملزمان نے انہیں راستے میں روک لیا۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر رقم چھین لی۔
پولیس نے بتایا کہ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے ایک بیوپاری کے سینے اور دوسرے کے پیٹ میں گولی لگی۔
واردات کے بعد دونوں ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنا شروع کردیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ واقعے میں ملوث ملزمان کی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں ملزمان کے چہرے واضح دکھائی دے رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان شلوار قمیض میں ملبوس تھے۔
فوٹیج میں ایک ملزم سیاہ جبکہ دوسرا نیلے رنگ کے کپڑوں میں نظر آتا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔