شجرکاری: ناظم آباد گرلز اسکول میں پودا لگانے کی تقریب

کراچی: گورنمنٹ گرلز پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول ناظم آباد میں جاری شجرکاری مہم کے دوران پودا لگانے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد رابعہ سید اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اسلم سومرو نے پودا لگایا۔

تقریب میں اسکول کی سینئر پرنسپل پروفیسر صائمہ فہیم، اساتذہ اور طالبات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا کو شجرکاری کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔

مقررین نے کہا کہ درخت ماحول کو صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شرکا نے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور موجودہ پودوں کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر رابعہ سید نے اسکول کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اسکول کی سینئر پرنسپل پروفیسر صائمہ فہیم نے شجرکاری مہم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ میں ماحول دوستی اور درختوں کی حفاظت کا شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکا نے شجرکاری کے فروغ کے ساتھ لگائے گئے پودوں کی باقاعدگی سے نگہداشت اور حفاظت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!