راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 49 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 12 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ بلوچستان کے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں کیے گئے آپریشنز کے دوران مزید 37 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق فورسز نے کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ آپریشنز میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈرم اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی قبضے میں لیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا اسلحہ اور دھماکا خیز مواد مزید تخریبی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔
فورسز نے کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سکیورٹی اہلکار دہشتگردوں کے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی کر رہے ہیں۔