شہید کانسٹیبل حسن علی کی نمازِ جنازہ پیر کو پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن ساؤتھ کراچی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو سمیت اعلیٰ پولیس حکام، شہید کے اہل خانہ، ساتھی اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ویسٹ، ڈی آئی جی ساؤتھ، ایس ایس پی ویسٹ، ایس ایس پی سٹی اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر شہید پولیس اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل حسن علی گزشتہ شب ضلع ویسٹ کے تھانہ پاکستان بازار کی حدود میں لیاقت چوک کے قریب ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر شہید ہوئے تھے۔
تقریب کے دوران ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے شہید کی پیشہ ورانہ خدمات، بہادری اور فرض شناسی پر مبنی سپاس نامہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی نے عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جان قربان کی۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شہید کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے شہداء ادارے کا قیمتی سرمایہ اور باعثِ فخر ہیں، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، جبکہ ورثاء کو ہر ممکن فلاحی سہولیات، محکمانہ معاونت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں سندھ پولیس شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، اور شہداء کے اہل خانہ کی عزت، تکریم اور بھرپور دیکھ بھال محکمہ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔