ڈاکٹر ناصر سلیم نساکا کی 100ویں سالگرہ، جاوید میانداد کی خصوصی شرکت

معروف آیورویدک معالج، جڑی بوٹیوں کے ماہر اور سماجی شخصیت ڈاکٹر ناصر سلیم نساکا کی 100ویں سالگرہ کی تقریب ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کراچی میں ان کے کلینک پر منعقد ہوئی۔

تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، طبی ماہرین، سماجی رہنماؤں اور ان کے مداحوں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر ناصر سلیم نساکا 20 نومبر 1926ء کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے 20 نومبر 2026ء کو زندگی کے 100 سال مکمل کیے۔ اس موقع پر شرکاء نے ان کی طبی، پیشہ ورانہ اور سماجی خدمات کو سراہا۔

جاوید میانداد کی خصوصی شرکت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

آغوش ٹرسٹ کی صدر شگفتہ صبا، سیکریٹری جنرل محمد جاذب اور ٹرسٹی محمد عزام بھی تقریب میں موجود تھے۔

شرکاء نے ڈاکٹر نساکا کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے ان کی صحت، تندرستی اور درازیٔ عمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شرکاء نے روایتی طریقہ علاج کے فروغ اور انسانیت کی خدمت کے لیے ان کی طویل خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

آغوش ہوم میں دوبارہ سالگرہ منانے کا اعلان

ڈاکٹر ناصر سلیم نساکا طویل عرصے سے کراچی میں آیورویدک اور جڑی بوٹیوں کے ذریعے علاج کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

ان کی طبی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں قومی اعزاز دینے کی تجاویز بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ سابق قومی کرکٹ کپتان جاوید میانداد بھی ان تجاویز کی حمایت کر چکے ہیں۔

تقریب کا اہم پہلو ڈاکٹر نساکا کا ایک اور اعلان تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی 100ویں سالگرہ کی خوشیاں دوبارہ آغوش ہوم کے رہائشیوں کے ساتھ منائیں گے۔

یہ خصوصی تقریب بدھ، 25 نومبر 2026ء کو کراچی کے آغوش ہوم میں منعقد ہوگی۔ اس میں بے سہارا بزرگ خواتین اور جسمانی و ذہنی معذوری کی حامل یتیم بچیاں شریک ہوں گی۔

ڈاکٹر نساکا نے کہا کہ زندگی کی اس غیر معمولی خوشی کو محبت اور خصوصی توجہ کے مستحق افراد کے ساتھ بانٹنا ان کے لیے باعثِ مسرت ہوگا۔

جاوید میانداد بھی 25 نومبر کو آغوش ہوم کی تقریب میں دوبارہ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر نساکا کا اپنی سالگرہ آغوش ہوم کے رہائشیوں کے ساتھ منانے کا فیصلہ خدمتِ خلق کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر نساکا کی صد سالہ زندگی اور طبی و سماجی خدمات نوجوان نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آغوش ہوم کی تقریب معاشرے میں محبت، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!