کڈنی انسٹیٹیوٹ کی توسیع اور طبی سہولیات میں اضافے کے لیے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیرِ صدارت کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز (KIKD) سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئے بلاک کی تعمیر، علاج کی سہولیات بڑھانے اور شہر بھر میں سیٹلائٹ سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرِ انتظام کڈنی انسٹیٹیوٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مریض معیاری طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کا دائرۂ کار صرف مرکزی مرکز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مختلف علاقوں میں سیٹلائٹ سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کے لیے اپنی جانب سے ایک ڈائلیسز مشین اور آر او پلانٹ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بابر خان کو ہدایت دی کہ نئے بلاک کے لیے مناسب جگہ کا فوری انتخاب کریں اور تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔
میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی شہری حکومت نے بنیادی انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ طبی اداروں کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرِ انتظام کڈنی انسٹیٹیوٹ میں نہ صرف کراچی بلکہ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے مریض بھی علاج کی سہولیات حاصل کرتے ہیں، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارے کی استعداد اور خدمات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر خرم دانیال، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمد یوسفزئی، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بابر خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔