پاکستان کروشیا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سے جمہوریہ کروشیا کے وزیر برائے خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کروشیا کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، روابط، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کے کردار کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔