کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سول حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد انتہائی مطلوب دہشتگرد سلمان عرف ابو ہریرہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
بینظیر بھٹو: مراد علی شاہ کا 73ویں یومِ ولادت پر شہید بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے خودکش جیکٹ، حساس مقامات کی تصاویر اور نقشے برآمد ہوئے۔ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج (تحریک طالبان پاکستان) کے مولوی مخلص گروپ سے بتایا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سلمان عرف ابو ہریرہ ٹی ٹی پی کے تربیت یافتہ سلیپر سیل کا اہم رکن ہے اور خودکش بمبار زعفران عرف ابو ہریرہ کا قریبی ساتھی رہا ہے۔ زعفران ماضی میں سی ٹی ڈی مقابلے میں مارا جا چکا ہے، جس پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر تھا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم سلمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ سائٹ ایریا کی لبرٹی ٹیکسٹائل ملز میں غیر ملکی ورکرز پر فائرنگ میں بھی ملوث رہا، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زعفران کی ہلاکت کے بعد مولوی مخلص یار نے ملزم سلمان اور دیگر دہشتگردوں کو کراچی میں بڑی کارروائی کے لیے بھیجا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم افغانستان میں خودکش حملوں کی کمانڈو ٹریننگ حاصل کر چکا ہے اور ابتدائی منصوبہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے بعد خودکش حملہ کرنے کا تھا۔ مزید بتایا گیا کہ اس کے بعض ساتھی مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں مارے جا چکے ہیں، جن میں کوئٹہ ایف سی خودکش حملہ اور ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ سینٹر حملہ شامل ہیں۔
حکام کے مطابق مفرور ملزم ادریس عرف اسداللہ کی تلاش جاری ہے جبکہ دیگر ساتھیوں میں خیر زمان عرف مولوی مخلص، محمد شعیب اقبال عرف منیب چیمہ اور اظہار الحق عرف مولوی حمزہ شامل ہیں، جن میں سے بعض ٹی ٹی پی کے افغانستان میں موجود کمانڈر بتائے جاتے ہیں۔
سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں اور مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔