ریسکیو 1122 اس شہر اور صوبے کے عوام کے لئے جو کام کررہی ہے وہ نا صرف قابل ستائش ہے عوام کو ایک تحفہ ہے نگراں صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی

شکُّر نیوز رپورٹنگ،

ریسکیو 1122 اس شہر اور صوبے کے عوام کے لئے جو کام کررہی ہے وہ نا صرف قابل ستائش ہے عوام کو ایک تحفہ ہے نگراں صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگراں صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ محکمہ بحالیات کے تحت ریسکیو 1122 اس شہر اور صوبے کے عوام کے لئے جو کام کررہی ہے وہ نا صرف قابل ستائش ہے بلکہ یہ اس صوبے کے عوام کو ایک تحفہ ہے

پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبے میں کام کیا ہے اور ہم آج کے منصوبے سمیت جن جن منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں وہ سابقہ حکومتوں کے ہی منصوبے ہیں۔ کس پر الزام لگانا آسان ہے تاہم اس کو ثابت کرنا ایک مشکل کام ہے۔ نگراں صوبائی حکومت صوبے میں پرامن اور شفاف انتخابات چاہتی ہے اور اس سلسلے میں ہم پوری کوشش کررہے ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز محکمہ بحالی سندھ کے تحت سندھ کے مزید 5 اضلاع میں میڈیکل ہیلتھ کیئر یونٹس ان اضلاع میں روانہ کرنے کی منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا

تقریب سے سیکریٹری بحالیات پرویز احمد سحر، پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں جب صوبائی وزیر تقریب میں شرکت کے لئے پہنچیں تو انہیں ریسکیو 1122 کے جوانوں نے سلامی پیش کی اور قومی ترانہ پیش کیا۔ بعد ازاں نگراں صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے موبائل ہیلتھ کیئر یونٹس کا جائزہ لیا اور ان میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد مبین جمانی نے کہا کہ حادثات کی صورت میں فرسٹ ایڈ کی سب سے زیادہ ضرورت پڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہیلتھ کیئر یونٹس سے دور دراز کے شہریوں کو ان کے اپنے گائوں اور علاقوں تک او پی ڈی کی مفت سہولت حاصل ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بحالیات سندھ کے ماتحت یہ ہیلتھ کیئر یونٹس سندھ کے عوام کی بڑی خدمت ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اب بھی ہیلتھ کے شعبے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے

مبین جمانی نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے، جس کے باعث وہاں ہیپاٹائٹس کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ گاؤں میں آنکھوں کی بیماریاں زیادہ ہیں۔ میں نے سیکریٹری بحالیات کو اس سلسلے میں ہدایات دی ہیں کہ اس طرح کے ہیلتھ کیئر یونٹس ہر ماہ ایسے علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کریں اور وہاں اس بیماری میں مبتلا افراد کا علاج اور انہیں ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ گائوں اور دیہات سمیت کراچی میں بھی کئی ایک ایسے علاقے ہیں جہاں ایمبولینس کا پہنچا بھی ایک مشکل کام ہے اس سلسلے میں بھی اقدامات کئے جانے چاہیے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ بحالی سندھ میں پیپلز پارٹی کی سابقہ سندھ حکومت نے بہتری کے اقدامات کئے ہیں

انہوں نے کہا کہ اس وقت ریسکیو 1122 کراچی سمیت سندھ بھر میں بہتر انداز سے کام کررہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد مبین جمانی نے کہا کہ کسی پر بھی الزام لگانا بہت آسان ہوتا ہے لیکن اس کو ثابت کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بحالیات سندھ کے تحت صوبے بھر میں 400 سے زائد ایمبولینس اور آج کے ہیلتھ کیئر یونٹس سمیت 20 اضلاع میں چلنے والے ان یونٹس میں اگر کسی بھی یونٹس کی خرابی یا ان کا استعمال نہ ہونے کے کوئی شواہد ہیں تو مجھے فراہم کریں میں خود ان کا جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریسکیو 1122 میں کوئی مسئلہ ہے تو اس کی بھی نشاندہی کریں

آنے والے عام انتخابات میں سیکورٹی ٹھریڈ کے سوال کے جواب میں نگراں صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے کہا ہے کے پی کے، بلوچستان اور سندھ میں بھی ٹھریڈ ہیں لیکن اس کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ پرامن انتخابات کا انعقاد نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نگراں صوبائی حکومت سمیت تمام نگراں حکومتیں ملک بھر میں پرامن اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ٹھریڈ کا خمیازہ عام عوام کو بھگتنا پڑتا ہے

اس موقع پر سیکرٹری بحالیات سندھ پرویز احمد ساحر نے کہا کہ آج کی اس تقریب میں ہم موبائل ہیلتھ کیئر یونٹس سندھ کے پانچ ڈسٹرکٹ کو دے رہے ہیں۔ ان میں خیرپور میرس، نوابشاہ، نوشہرو فیروز، ٹنڈو محمد خان اور شہید بینظیر آباد شامل ہیں جبکہ اس سے قبل سندھ کے 15 ڈسٹرکٹ میں اس طرح کے میڈیکل ہیلتھ یونٹس پہلے سے ہی کام کررہے ہیں اور جلد ہی مزید 4 یونٹس ہم باقی مانندہ ڈسٹرکٹ کو فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 1800 ملین روپے کی لاگت سے شروع ہوا ہے اور انشاء اللہ یہ منصوبہ رواں مالی سال میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میڈیکل ہیلتھ کیئر یونٹس روزانہ صبح 8 بجے سے سہ پہر تین بجے تک ہیلتھ کیئر یونٹس اور پی ڈی کے لئے استعمال ہوگی اور ان میں ہر ہیلتھ یونٹس کے لئے خواتیں اور مردوں کے لئے الگ الگ انتظامات کئے گئے ہیں۔ بعد ازاں نگراں صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے ان تمام 5 میڈیکل ہیلتھ کیئر یونٹس متعلقہ ڈسٹرکٹ کے حوالے کردی۔

جاری کردہ : زبیر میمن، میڈیا کنسلٹینٹ نگراں صوبائی وزیر محمد مبین جمانی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!