غزہ کے لیے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ

شکُّر نیوز رپورٹنگ،

فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔

فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے جب کہ امدادی سامان کی چوتھی کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ایئربیس سے روانہ کی گئی ہے۔

چوتھی امدادی کھیپ تقریباً 20 ٹن ضروری اشیاء پر مشتمل ہے جس میں غزہ میں زمینی ضروریات کے مطابق سرجیکل و طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔

خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر اردن پہنچے گی جہاں اردن میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کے لیے غزہ روانہ کردیا جائے گی۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیع، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے سینئر افسران نے نورخان ایئر بیس پر روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔

وزیر خارجہ نے جنوبی افریقہ کی جانب سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کے کیس کی انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں مکمل حمایت کا عیادہ بھی کیا۔

وزیرخارجہ نے غزہ کے مظلوم عوام کو انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ کے لئے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے جو بہت جلد پاکستانی عوام کی جانب سے بھیجی جائے گی۔

اس موقع پر پاکستان میں فلسطین کے سفیر نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ ابھی تک غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لئے 220 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جاچکا ہے جب کہ پاکستان مشکل کی اس اگھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!