سنچورین (تشکر نیوز) — جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف سنچورین ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔ پروٹیز نے 148 رنز کا ہدف 8 وکٹوں پر پورا کر لیا، جب کہ پاکستان کے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
چوتھے دن کھیل کے آغاز میں جنوبی افریقہ کو 148 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔ ایک موقع پر جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں پر 95 رنز بنا لیے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم میچ کو با آسانی جیت جائے گی۔ تاہم، محمد عباس کی شاندار بولنگ کے نتیجے میں صرف 4 رنز کے اضافے کے ساتھ جنوبی افریقہ کے 4 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد پاکستان کی جیت کے امکانات بڑھ گئے تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیمبا باووما 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جب کہ ایڈن مرکرم نے 37 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کو محمد عباس نے آؤٹ کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈی زورزی 2، رکلٹن 0، ٹرسٹ اسٹبس 1، ڈیوڈ بیڈنگھم 14، کائل ویرین 2 اور کوربن بوش بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 اوورز میں 43 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز بنائے تھے، جب کہ جنوبی افریقہ نے 301 رنز بنائے۔ پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی فتح میں کاگیسو ربادا اور مارکو ہینسن کی 49 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ نے اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ربادا 31 اور ہینسن 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔