کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ ابرار جعفر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کا تین گھنٹے طویل دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، ڈی ایچ او، یونیسیف، ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے افسران، سیاسی رہنما، بلدیاتی نمائندے، پولیس افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان پہنچنے پر پرتپاک استقبال سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے
کمشنر کراچی نے سہراب گوٹھ، احسن آباد، گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ اور گلشن معمار سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور گلیوں میں پیدل جا کر مقامی بزرگوں، علما کرام اور نوجوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس خطرناک مرض کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس موقع پر پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والے عملے خصوصاً خواتین ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گرم موسم میں بھی ان کا جذبہ قابلِ قدر ہے۔ کمشنر نے یونیسیف سمیت دیگر شراکت دار اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
قبل ازیں، کے ٹی ایف کے کوآرڈینیٹر سعود کھوسو نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو روزہ مہم کے دوران کسی بھی علاقے میں کسی خاندان نے انکار نہیں کیا، جبکہ علمائے کرام، معززین علاقہ، سول سوسائٹی اور سیاسی رہنما مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ کمشنر کراچی آج یوم تکبیر کے موقع پر بھی مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔