وزیراعظم شہباز شریف نے قومی دفاع کے ایک اہم مرحلے، آپریشن بنیان مرصوص کے فرنٹ لائن علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے وہاں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
پشاور ہائیکورٹ نے ملٹری کورٹ کی سزاؤں کو برقرار رکھتے ہوئے تینوں اپیلیں خارج کر دیں
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے پسرور چھاؤنی، سیالکوٹ کا خصوصی دورہ کیا جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ اس اہم موقع پر ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطاتارڑ، کور کمانڈر سیالکوٹ اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کو پاک بھارت جنگ، موجودہ صورتحال اور کور کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے قوم کے عزم و ہمت کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کیا اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے چند گھنٹوں میں دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے اور یہ وہ تاریخی لمحہ ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق وزیراعظم آئندہ دنوں میں ایئر بیسز اور نیول بیسز کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں پاک فضائیہ و بحریہ کے افسران و جوانوں سے ملاقات کریں گے۔