کراچی: ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا چھینا گیا کنٹینر برآمد کر لیا اور مغوی ڈرائیور و کنڈیکٹر کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ کارروائی کے دوران ڈکیت گروہ کے سرغنہ سلیم ولد رئیس خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
“ہماری پہچان پاکستان ہے” — ڈاکٹر عشرت العباد کا یومِ تشکر پاکستان پر ولولہ انگیز خطاب
گزشتہ شب چھ مسلح ملزمان نے گلشن حدید کے علاقے سے ایک 22 وہیلر لوڈ کنٹینر کو ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت اغواء کرلیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔
نیو سبزی منڈی پولیس چوکی کے انچارج نے تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر نادرن بائی پاس کے قریب کارروائی کی، جس میں ملزم سلیم کو گرفتار کیا گیا اور مغویوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔
کارروائی کے دوران جدید طرز کا گلاک پستول بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا، جبکہ مسروقہ کنٹینر بھی مکمل سامان سمیت پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔ برآمد شدہ کنٹینر میں 36 ٹن سے زائد ڈالڈا گھی/آئل موجود تھا، جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔