کراچی (ایم پی پی میڈیا سیل): سابق گورنر سندھ اور نشانِ امتیاز یافتہ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج صرف اسلحہ نہیں، بلکہ ایمان، حوصلے اور عوام کی دعاؤں کے سہارے لڑتی ہیں۔ یہ افواج کسی اتحاد یا عالمی طاقت کی محتاج نہیں، صرف اللہ پر بھروسہ کرتی ہیں۔
تیموریہ پولیس کی بڑی کارروائی: منشیات فروش گروہ گرفتار، سی کیٹیگری کا مطلوب ملزم بھی شامل
انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں "یومِ تشکر پاکستان” کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب نے جلسہ عام کی شکل اختیار کرلی۔ ان سے قبل ایم پی پی کے مختلف رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے بھی خطاب کیا، جن میں سیف یار خان، ڈاکٹر صفیہ، میجر اظہر، انجینئر فوزیہ اکبر، ڈاکٹر حور انیلہ شاکر، شکیل شاہ اور دیگر شامل تھے۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ آج کا دن صرف تقریر کا نہیں بلکہ اپنے جذبات اور حب الوطنی کا اظہار کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے دشمن پر واضح کیا کہ پاکستان کی قوم کبھی کمزور نہیں رہی۔ سیاسی اختلافات، معاشی چیلنجز اور منفی پروپیگنڈا ہماری صفوں کو نہیں توڑ سکا۔
انہوں نے کہا، "جب ہر پاکستانی نے کہا ‘میری پہچان پاکستان’، دنیا حیران رہ گئی۔ ہماری افواج نے دشمن کے خواب چکنا چور کر دیے۔”
ڈاکٹر عشرت العباد نے 2019 کی فضائی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی بھارت کو منہ کی کھانی پڑی اور آج جب رافیل جیسے جدید طیارے ان کے پاس ہیں تب بھی کچھ حاصل نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں، ایمان، ارادے اور پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں۔ ہر پاکستانی سپاہی چاہے وہ فضاؤں میں ہو یا زمین پر، ایک ہی جذبہ رکھتا ہے: وطن کے لیے جینا اور شہادت کو گلے لگانا۔
انہوں نے بھارتی خفیہ ایجنٹ کلبھوشن یادیو اور سمجھوتہ ایکسپریس جیسے واقعات کی مثال دے کر بھارت کی چالاکیوں کو بے نقاب کیا۔