کراچی (رپورٹ) پاکستان سنی تحریک کی مرکزی قیادت کی خصوصی ہدایت پر کراچی پریس کلب کے باہر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرے کے دوران فضا "پاکستان زندہ باد”، "پاک فوج پائندہ باد” اور "پاک فوج قدم بڑھاؤ، ہم تمھارے ساتھ ہیں” جیسے نعروں سے گونج اٹھی۔
مظاہرے کے دوران شرکاء نے بھارتی پرچم کو نذر آتش کیا اور وزیراعظم بھارت نریندر مودی کی تصویر پر جوتے مار کر شدید نفرت کا اظہار کیا۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری، اور کراچی کے امیر محمد فرقان قادری نے شرکاء سے خطاب کیا۔
فہیم الدین شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی کی جنونیت اور پاگل پن کا جواب پاک فوج نے بھرپور انداز میں دے دیا ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو پاکستان کے شاہین، غوری اور ابدالی میزائل دشمن کے شہروں کو نشانہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، اور دشمن کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ ہم اپنے وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
محمد آفتاب قادری نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب پاک فوج نے دیا، دشمن کے رافیل طیارے اور ڈرون تباہ کیے، اور بھارت کی فوج کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر وقت سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
محمد فرقان قادری نے کہا کہ بھارت کو بتانا چاہتے ہیں کہ اگر دوبارہ حملہ کیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جہاد کا اعلان کرے تاکہ پوری قوم دشمن کو بھرپور جواب دے سکے۔
اس موقع پر نائب امیر محمد فرحان قادری، محمد عارف منصوری، انور سجاد قادری، عالم قادری، عامر قادری، اور علامہ قاری امان قادری سمیت دیگر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔