کراچی (اسٹاف رپورٹر) نادرن بائی پاس پر قائم مویشی دوست منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ 1100 ایکڑ رقبے پر پھیلی اس وسیع منڈی کا ہنڈال تیزی سے بھر رہا ہے، جہاں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور کراچی کے مختلف علاقوں سے ہزاروں خوبصورت جانور پہنچ چکے ہیں۔
منڈی میں پنجاب کے شہروں رحیم یار خان، صادق آباد، شجاع آباد، ملتان، بہاولپور اور شیخوپورہ، سندھ کے سکھر، شکارپور، نواب شاہ، سانگھڑ، دادو، اور بلوچستان کے سبی، کوئٹہ، لسبیلہ، کشمور سے آئے جانور شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
رات ہو یا دن، منڈی میں ٹریلرز اور ٹرکوں کے ذریعے جانوروں کی آمد و رفت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ وی وی آئی پی اور وی آئی پی بلاکس میں خیمے نصب کر دیے گئے ہیں جہاں خاص نسل کے خوبصورت، صحت مند اور قیمتی جانور موجود ہیں۔
منڈی میں آسٹریلین بل، ساہیوال اور چولستانی گائے، دیسی بچھرے، سندھی بکرے، کوہ مری، لاڑی، ڈاچی نسل کے اونٹ، سندھی، گلابی، کاموری، ٹاپرے اور راجن پوری نسل کے بکرے موجود ہیں، جن کی مانگ میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔
شہری اپنی پسند کے خوبصورت جانور مناسب قیمت پر خرید کر خوشی خوشی انہیں گھروں کو لے جا رہے ہیں، جس سے منڈی کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں۔