کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے منگل کے روز شدید گرمی کے باوجود ضلع وسطی کا 5 گھنٹے طویل ہنگامی دورہ کیا۔ دورے کے دوران ترقیاتی منصوبوں، تجاوزات، صفائی اور دیگر شہری سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر نسیم بھٹو کے مطابق کمشنر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم، عاصم عباسی، غلام محمد خان، ظہیر احمد، جنید احمد، KMC، SSWMB، بلدیاتی اداروں کے افسران اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز موجود تھے۔
کمشنر کراچی نے سرسید گرلز کالج، شپ اونرز کالج، کے ڈی اے کرکٹ اسٹیڈیم، گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی، پاپوش نگر، عباسی اسپتال اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے کے ڈی اے حکام کو ہدایت دی کہ کریم آبار انڈر پاس کا کام فوری مکمل کیا جائے، جبکہ بختیاری یوتھ سینٹر کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ بھی لی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کمشنر نے کے ڈی اے اسٹیڈیم کو بہتر بنانے اور سابق کرکٹرز قاسم عمر اور شاہد محبوب کے ہوم گراؤنڈ کو محفوظ و فعال بنانے کے احکامات جاری کیے۔
پاپوش نگر کے تاریخی بس اسٹاپ اور عباسی ہسپتال کے قریب ریلوے لائن سے فوری تجاوزات ہٹانے، سرسید کالج کے قریب نالے کی مرمت اور جہانگیر آباد تا ناظم آباد چورنگی دونوں اطراف سے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت دی گئی۔
شپ اونرز کالج کے قریب پہاڑی علاقے میں ایچ بی ایل پارک کی زمین کے معاملے پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے گئے، جبکہ شاہراہِ پاکستان کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔