ترک فضائیہ کے کمانڈر کی ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات

ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دلکران نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر کی ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔

دفاعی اور فضائی تعاون پر تبادلہ خیال

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ دفاعی تعلقات پر گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان فضائی اور ایئرو اسپیس شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری مضبوط تزویراتی تعلقات میں تبدیل ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفاع اور ایئرو اسپیس کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ایئر چیف نے ترک فضائیہ کو پائلٹوں کی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ترک فضائیہ کی استعداد کار بڑھانے میں بھی مدد کی پیشکش کی۔

ترک کمانڈر کی پاک فضائیہ کی تعریف

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل رفعت دلکران نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے جنگی تجربے، جدت طرازی اور مقامی سطح پر ایئرو اسپیس ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔

ترک فضائیہ کے کمانڈر نے دوطرفہ دفاعی تعاون مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے آپریشنل تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!