کراچی: سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے سی او او انجینئر اسداللہ خان کے ہمراہ شہر کراچی میں پانی کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لینے کے لیے اہم تنصیبات کا دورہ کیا، جن میں سی او ڈی فلٹر پلانٹ، کے ٹو، کے تھری پمپنگ اینڈ فلٹر اسٹیشن اور (این آئی کے) اولڈ پمپ ہاؤس شامل ہیں۔
سندھ حکومت کا بڑا اقدام: 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی کا اعلان
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دورے کا مقصد شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا اور پمپنگ و فلٹریشن نظام کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی معائنہ تھا۔ اس موقع پر چیف انجینئر ای اینڈ ایم جمیل انصاری نے حکام کو تنصیبات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
سی ای او احمد علی صدیقی نے ہدایت دی کہ تمام پمپنگ اسٹیشنز سے مقررہ مقدار میں پانی کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے اور پانی کی فراہمی کو مزید بہتر و مستحکم بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام مشینری اور پمپس کو ہر وقت فعال حالت میں رکھا جائے اور ان کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال کا مناسب بندوبست کیا جائے۔
دورے کے دوران بدر الحق، شیخ سید محمد شاہ، آصف علمبردار، خلیق احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔