کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت رضویہ سوسائٹی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی دورانِ پیٹرولنگ عمل میں لائی گئی۔
پاکستان پر بھارتی الزامات بے بنیاد، حقیقت دنیا کے سامنے آنی چاہیے: شرجیل انعام میمن
پولیس کے مطابق مشتبہ افراد کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی بھاری مقدار میں چرس برآمد ہوئی، جن میں ایک ملزم کے پاس سے 1100 گرام جبکہ دوسرے کے قبضے سے 1050 گرام چرس برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد مرتضیٰ ولد محمد حنیف اور محمد انیس ولد محمد حنیف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کی سرگرمیوں میں خفیہ طور پر ملوث تھے اور رضویہ پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھے۔
پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ نمبر 170/2025 بجرم انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ مزید تفتیش کے دوران دونوں ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے، جس سے ممکنہ نیٹ ورک کی معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔
رضویہ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی قیمت پر جرائم پیشہ عناصر کو بخشا نہیں جائے گا۔